بریکنگ نیوز

27 ویں آئینی ترمیم منظوری کیلئے آج پیش کی جائے گی

نومبر 10, 2025 admin
27 ویں آئینی ترمیم منظوری کیلئے آج پیش کی جائے گی

27 ویں آئینی ترمیم منظوری کیلئے آج پیش کی جائے گی

اسلام آباد: سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی منظوری کے بعد مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ آج سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

سینیٹ اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔ ایجنڈے کے مطابق ایوان میں قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کی رپورٹ پیش کی جائے گی، جسے سینیٹر فاروق ایچ نائیک پیش کریں گے، جبکہ وزیر قانون ترمیمی بل منظوری کے لیے ایوان میں پیش کریں گے۔

مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے آئینی ترمیم کا پورا ڈرافٹ منظور کرتے ہوئے شق وار 49 ترامیم کی منظوری دی۔ کمیٹی نے آرٹیکل 243 کے تحت آئینی عدالتوں کے قیام، زیر التوا مقدمات کی مدت کو چھ ماہ سے بڑھا کر ایک سال کرنے، اور ایک سال تک مقدمے کی پیروی نہ ہونے پر اسے نمٹا ہوا تصور کرنے کی ترمیم بھی منظور کی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے کمیٹی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ پی ٹی آئی، جے یو آئی، پی کے میپ اور ایم ڈبلیو ایم کے اراکین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کی مجوزہ ترامیم پر فیصلہ زیر غور ہے، جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبہ خیبر پختونخوا کے نام میں تبدیلی اور بلوچستان میں اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ شامل ہے۔

سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کمیٹی نے کچھ ترامیم کا اختیار انہیں اور وزیر قانون کو دیا ہے، تاکہ حتمی فیصلے کے لیے آج اجلاس میں پیش کیا جا سکے۔