بریکنگ نیوز

پاک جنوبی افریقہ فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا

نومبر 8, 2025 admin

پاک جنوبی افریقہ فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج فیصل آباد کے اقبال کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں پروٹیز نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا۔

پاکستانی ٹیم نے میچ سے قبل ایک آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، جہاں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔ ٹریننگ میں حارث رؤف، حسیب اللہ، فیصل اکرم اور حسن نواز نے حصہ لیا۔

دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے 270 رنز کے ہدف کو دو وکٹوں کے نقصان پر 40.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلتے ہوئے 7 چھکے اور 8 چوکے لگائے، جبکہ ٹونی ڈی زورزی نے 76 اور لووان پریٹوریئس نے 46 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن پہلی وکٹ ایک رن پر گر گئی۔ فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ صائم ایوب اور بابر نے مل کر کچھ مزاحمت دکھائی، تاہم صائم ایوب 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور محمد رضوان صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بعد میں صائم ایوب اور سلمان آغا نے ٹیم کو 114 رنز تک پہنچایا۔

تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔