پاک بحریہ کا جہاز مالدیپ بندرگاہ پہنچ گیا-پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف بین الاقوامی مشن پر مالدیپ کے بندرگاہ مالے پہنچا، جہاں اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دورے کے دوران مشن کمانڈر کموڈور محمد ذیشان نبی شیخ نے مالدیپ کے چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم ہلمی، کمانڈنٹ کوسٹ گارڈ میجر جنرل محمد سلیم اور پاکستان کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) فیصل رسول لودھی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، بحری تعاون اور سمندری سکیورٹی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے مالدیپ کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
دورے کے دوران سرکاری حکام، غیرملکی سفیروں اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے جہاز کا معائنہ کیا، جبکہ عوام کے لیے بھی جہاز کے دروازے کھولے گئے، جس سے دونوں ممالک کے عوامی تعلقات کو مزید تقویت ملی۔
دورے کے اختتام پر پی این ایس سیف نے مالدیپ کوسٹ گارڈ کے جہازوں کے ساتھ مشترکہ بحری مشق میں حصہ لیا، جس کا مقصد دفاعی تعاون اور آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
ترجمان کے مطابق، مالدیپ میں پاک بحریہ کے جہازوں کے دورے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ سلسلہ خطے میں میری ٹائم سکیورٹی اور باہمی تعاون کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
