اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ امیر قطر نے پاکستان-سعودی عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیا۔
صدر زرداری نے قطر میں دوحہ مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان سے متعلق کردار کو سراہا، جبکہ امیر قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کر کے حالیہ چیلنجز کو پسِ پشت ڈال دیں گے۔
ملاقات میں دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوئی، جس پر امیر قطر نے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو فوری رابطوں کی ہدایت دی۔
امیر قطر نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا اور اس کی تعداد میں اضافے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان منفرد حیثیت رکھتا ہے اور قطر پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ صدر زرداری نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کے دورے کا اعلان کیا۔
