بریکنگ نیوز

پاکستان نے امریکہ کو افغانستان پر حملے کی اجازت نہیں دی

نومبر 3, 2025 admin
پاکستان نے امریکہ کو افغانستان پر حملے کی اجازت نہیں دی

پاکستان نے امریکہ کو افغانستان پر حملے کی اجازت نہیں دی-ترجمان پاک فوج، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سینئر صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان نے امریکہ کو اپنی سرزمین سے افغانستان پر حملوں کی کوئی اجازت نہیں دی۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ امریکی ڈرونز کے ذریعے پاکستان سے افغانستان میں کارروائی کے الزامات بے بنیاد ہیں اور افغان میڈیا بھارتی میڈیا کے ساتھ مل کر فیک ویڈیوز پھیلا رہا ہے۔

جنرل چوہدری نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش جاری ہے۔ دوحہ اور استنبول مذاکرات میں بنیادی ایجنڈہ سرحد پار دہشت گردی کا خاتمہ تھا، لیکن طالبان نے دوحہ معاہدے کی شقوں پر عمل نہیں کیا۔ اُن کے مطابق مسئلے کا حل افغانستان میں نمائندہ حکومت کی بحالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے، تاہم مذاکرات ناکام رہنے کی صورت میں مسئلہ دیگر طریقوں سے حل کیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے صحافیوں کے ساتھ ثبوت بھی شیئر کیے، جس میں بتایا گیا کہ سرحد پار دہشت گردی میں افغان فوج کے سپاہی بھی ملوث ہیں۔ تین چار ماہ کی جھڑپوں میں 112 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ افغان فوج کے 206 اہلکار بھی مارے گئے۔ سرحدی علاقوں میں مارے گئے دہشت گردوں میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی تھی۔ افغان طالبان، بی ایل اے اور خوارجیوں کو بارڈر ایریا سے رہائشی علاقوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں ہیومن شیلڈ کے طور پر استعمال کیا جا سکے۔

انہوں نے سال 2025 میں کیے گئے انسداد دہشت گردی آپریشنز کے اعداد و شمار بھی جاری کیے:

  • کل 62,113 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز

  • روزانہ اوسطاً 208 آپریشنز

  • 4,373 دہشت گردی کے واقعات

  • 1,667 دہشت گرد ہلاک، جن میں 128 افغان باشندے شامل

ڈی جی آئی ایس پی آر نے خیبرپختونخوا میں نفاذِ قانون اور نارکو اکنامی کے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔ اُن کے مطابق 12 ہزار ایکڑ پر پوست کی کاشت کی گئی، جس سے فی ایکڑ 18 لاکھ سے 32 لاکھ روپے منافع ہوتا ہے، اور افغان طالبان اسے تحفظ فراہم کرتے ہیں کیونکہ یہ افغانستان جاتی ہے اور وہاں سے آئس اور دیگر منشات تیار کی جاتی ہیں۔

وادی تیراہ میں انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے دوران ڈرونز، اے این ایف اور ایف سی کے ذریعے پوست تلف کی گئی اور دہشت گرد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور ایرانی تیل کی اسمگلنگ سے بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔

بھارت کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت سمندر کے راستے کسی فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بنا سکتا ہے، مگر پاکستان پوری طرح الرٹ ہے اور اپنی حفاظت کے لیے تیار ہے۔