قاہرہ:مصر کا عظیم الشان میوزیم دنیا کے لیے کھول دیا گیا۔ قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اہرامِ مصر کے قریب قائم دنیا کے سب سے بڑے عجائب گھر "گرینڈ ایجپشن میوزیم” کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں مختلف ممالک کے صدور، وزرائے اعظم اور شاہی خاندانوں کے اراکین نے شرکت کی، جب کہ مصری فنکاروں کی رنگا رنگ پرفارمنس نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
میوزیم میں طوطن خامن کے مقبرے سے ملنے والے نایاب زیورات، فراعنہ کے دور کے عظیم مجسمے اور ایک لاکھ سے زائد قدیم مصری نوادرات نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔
120 ایکڑ پر محیط یہ میوزیم فرانس کے مشہور لوور میوزیم سے دوگنا بڑا ہے، جس کی تعمیر پر تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر لاگت آئی۔
مصر کے وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی کے مطابق یہ میوزیم مصری قوم کی 7 ہزار سال پرانی تہذیب کا تحفہ ہے، جو پوری دنیا کے لیے کھولا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق گرینڈ ایجپشن میوزیم کی تعمیر تقریباً 20 سال میں مکمل ہوئی، جو عرب بہار، کورونا وبا اور خطے میں تنازعات کے باعث کئی بار تاخیر کا شکار رہی۔
