اسلام آباد: فیلڈ مارشل ایوب خان کے پڑپوتے کے گھر چوری
اسلام آباد کے علاقے مارگلہ میں فیلڈ مارشل ایوب خان کے پڑپوتے محمد تیمور ایوب خان کے گھر چوری کا واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ 26 اکتوبر کو پیش آیا اور ایف آئی آر تھانہ مارگلہ میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 380 کے تحت درج کی گئی۔ محمد تیمور ایوب خان کے والد اکبر ایوب خان خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن ہیں۔
مدعی کے مطابق صبح تقریباً پانچ بج کر پینتیس منٹ پر ایک نامعلوم خاتون نے گھر کا گیٹ پھلانگ کر ڈرائنگ روم میں داخل ہو کر قیمتی چاندی کی اشیاء اور دیگر سامان لے لیا۔ چوری شدہ سامان میں دو چاندی کے لیمپ، ایک چاندی کا تھال، چاندی کے برتن، چاندی کا باکس، فیلڈ مارشل ایوب خان کا دعوتی اسکرول، ہرن کے منہ والا چاندی کا پیالہ، چاندی کی ٹرے، چائے دان، ڈونگا اور بڑا چمچ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:۔طورخم بارڈر کھل گیا،افغان واپسی شروع
خاتون نے میک اپ کا سامان اور دیگر گھریلو اشیاء بھی چوری کر لیں۔مدعی نے بتایا کہ چوری شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے بنتی ہے، اور چونکہ ان میں فیلڈ مارشل ایوب خان کی یادگاریں بھی شامل ہیں، اس لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔اسلام آباد پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں،
اور نامعلوم خاتون کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمہ کی شناخت کی جا رہی ہے، اور ابتدائی تفتیش میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واردات میں پیشہ ور گروہ ملوث ہو سکتا ہے۔
