بریکنگ نیوز

طورخم بارڈر کھل گیا،افغان واپسی شروع

نومبر 1, 2025 admin
طورخم بارڈر کھل گیا،افغان واپسی شروع

طورخم بارڈر کھل گیا،افغان واپسی شروع

خیبر ایجنسی میں واقع طورخم سرحد کو 20 دن بعد جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے، تاہم یہ اجازت صرف غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کے لیے دی گئی ہے۔ تجارت اور عام آمدورفت بدستور بند ہے۔

ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر بلال شاہد کے مطابق، بارڈر کو ان افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے کھولا گیا ہے جو پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔
طورخم امیگریشن سینٹر پر افغان شہریوں کی رجسٹریشن اور انٹری کا عمل جاری ہے، جس کے بعد انہیں وطن واپسی کی اجازت دی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ طورخم گزرگاہ عام شہریوں اور تجارتی قافلوں کے لیے تاحکم ثانی بند رہے گی۔

دوسری جانب کاروباری طبقے نے سرحد کی طویل بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرحد چیمبر آف کامرس کے سابق سینئر نائب صدر شاہد حسین کے مطابق، افغانستان کی حالیہ پالیسیوں اور سرحدی کشیدگی سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے وسطی ایشیائی خطے کی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر کی بندش سے پاکستان کو روزانہ ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے، جب کہ افغانستان کو اس سے دوگنا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ان کے پھل، سبزیاں اور دیگر اشیاء برآمد نہ ہونے کے باعث ضائع ہو رہی ہیں۔

شاہد حسین نے خبردار کیا کہ اگر حالات میں بہتری نہ آئی تو پاکستان کے پاس تجارت کے کئی متبادل راستے موجود ہیں، لیکن افغانستان کے لیے پاکستانی منڈی کھونا ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، سرحد کے دونوں اطراف سینکڑوں ٹرک اور تجارتی سامان اب بھی کھڑا ہے، تاہم تاجروں کو امید ہے کہ حکومت جلد ہی تجارتی آمدورفت بھی بحال کر دے گی۔