مہمند ڈیم منصوبے کے لیے دوسرا قرضہ معاہدہ
اسلام آباد: پاکستان اور کویت کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے دوسرا قرضہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت کویت فنڈ فار عرب اکنامک ڈویلپمنٹ کی جانب سے پاکستان کو 7.5 ملین کویتی دینار (تقریباً 25 ملین امریکی ڈالر) کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
معاہدے پر دستخط وزیر اقتصادی امور کی جانب سے سیکرٹری محمد حمیر کریم اور کویت کی جانب سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فہد ہشام ایچ اے ایس الدوسری نے کیے۔
سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے اس موقع پر کویت اور کویت فنڈ کے پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ رعایتی قرضہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے توانائی، پانی اور سماجی شعبوں میں کویت فنڈ کی مالی معاونت کو سراہا، جس سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد مل رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیاں اچھے انداز میں جاری ہیں اور دوسرے قرض کی فراہمی سے کام کی رفتار مزید بڑھے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے تیسرے قرضے کے معاہدے پر جلد دستخط کی ضرورت پر زور دیا اور کویت فنڈ کو دیگر ترجیحی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
کویتی نمائندے فہد ہشام ایچ اے ایس الدوسری نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے کویت فنڈ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ مئی 2024 میں پاکستان اور کویت کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں کل 30 ملین کویتی دینار کی مالی معاونت کے معاہدے پر دستخط کی درخواست کی گئی تھی، جسے چار اقساط میں تقسیم کیا جانا تھا۔ جون 2024 میں پہلا معاہدہ طے پایا تھا اور آج کے دستخط اس منصوبے کے دوسرے مرحلے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
—
