خوفناک ٹریفک حادثہ میں3 کم سن بچیاں جاں بحق
ڈیرہ بگٹی کے پیش بوغی علاقے میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 3 کم سن بچیاں جاں بحق اور 13 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ ٹریکٹر کے کنٹرول فیل ہونے کے باعث خطرناک موڑ پر پیش آیا۔ جاں بحق بچیوں کی عمر 4 سے 5 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر، لیویز اور ایف سی جوان موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ٹریکٹر کے نیچے سے نکال کر ویلفیئر اسپتال سوئی منتقل کیا گیا۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے پنجاب ریفر کیا گیا ہے۔
متاثرہ خاندان دشت گوران سے بزگری کے لیے ٹلی مٹ جا رہا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
