پختونخوا:سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں خرم ذیشان کامیاب ہو گئے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خرم ذیشان کامیاب قرار پائے۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق، 145 رکنی ایوان میں 137 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے۔ خرم ذیشان 91 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار تاج محمد آفریدی 45 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ایوان میں حکومتی ممبران کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن ممبران کی تعداد 53 ہے۔ ایک ووٹ مسترد ہوا۔
اے این پی کے 4 ارکان نے الیکشن بائیکاٹ کیا، جبکہ کچھ دیگر اراکین مختلف وجوہات کی بنا پر ووٹ ڈالنے کے لیے موجود نہیں تھے۔
کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ارکان ایک بار پھر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ جیت تحریک انصاف اور جمہوریت کی کامیابی ہے۔ نومنتخب سینیٹر خرم ذیشان نے کہا کہ ان کا پہلا ہدف بانی چیئرمین کی رہائی ہے اور آج کی جیت دراصل بانی چیئرمین کی کامیابی ہے۔
