بلوچستان میں فورسز کی کامیاب کارروائیاں،18دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو مختلف کارروائیوں میں 18 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 اور 29 اکتوبر کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
پہلا آپریشن کوئٹہ کے چلتن پہاڑی علاقے میں کیا گیا جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 14 دہشتگرد مارے گئے۔
دوسرا آپریشن کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بناتے ہوئے 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جب کہ فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ باقی دہشتگردوں کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’عزمِ استحکام‘ آپریشن کے تحت ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
