وزیر اعظم انوار الحق نے مستعفی ہونے کیلئے شرائط رکھ دیں
مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے وزارتِ عظمیٰ سے مستعفی ہونے کے لیے شرائط رکھ دیں۔
ذرائع کے مطابق چوہدری انوار الحق نے اپنے حامی وزراء اور اراکین اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز اور جاری منصوبوں کے تسلسل کی گارنٹی مانگ لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے وزراء اور ٹکٹ ہولڈرز کو بھی آئندہ عام انتخابات سے قبل مساوی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر متفق ہو چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو اس تحریک کے لیے 36 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
دوسری جانب چوہدری انوار الحق نے تاحال استعفیٰ نہیں دیا اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر مخالفین کے پاس مطلوبہ تعداد موجود ہے تو وہ تحریکِ عدم اعتماد پیش کریں۔
