خیبرپختونخوا کے نومنتخب اراکین نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس ہوا، اجلاس میں خیبرپختونخوا سے 11 میں سے 8 نومنتخب اراکین نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھالیا۔
سینیٹر طلحہ محمود، روبینہ خالد، فیصل جاوید، نورالحق قادری، مرزا محمد آفریدی، دلاور خان اور عطا الحق سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں جبکہ نو منتخب رکن نیاز احمد نے بھی سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھا لیا، نیاز احمد وفاقی وزیر امیر مقام کے صاحبزادے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا اور کہا کہ نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے بھی نومنتخب اراکین سینیٹ کو مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا سے نومنتخب 11 سینیٹرز میں آزاد رکن مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی، نورالحق قادری شامل ہیں، مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، جے یو آئی کے عطا الحق اور پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود شامل ہیں۔
خواتین کی نشست پر آزاد رکن روبینہ ناز اور پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر آزاد رکن اعظم سواتی اور جے یوآئی کے دلاور خان سینیٹرز منتخب ہوئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب سے حافظ عبدالکریم کامیاب ہوئے ہیں، یہ نشست ساجد میر کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
سینیٹ میں آج 8 نومنتخب اراکین نے رکنیت کا حلف اٹھایا، مراد سعید، اعظم سواتی اور روبینہ ناز نے اب تک حلف نہیں اٹھایا۔
