بریکنگ نیوز

سعودی عرب میں دنیا کا پہلا سکائی اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ

اکتوبر 29, 2025 admin
سعودی عرب میں دنیا کا پہلا سکائی اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ

سعودی عرب میں دنیا کا پہلا سکائی اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے مستقبل کے شہر نیوم میں تعمیر کیا جائے گا۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ انوکھا منصوبہ زمین سے تقریباً 350 میٹر (1150 فٹ) کی بلندی پر قائم کیا جائے گا۔ جدید طرزِ تعمیر کا حامل یہ اسٹیڈیم 2032 میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جبکہ امکان ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2034 کے چند میچز یہاں منعقد کیے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق نیوم سکائی اسٹیڈیم میں 46 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور اسے مکمل طور پر قابلِ تجدید توانائی یعنی شمسی، ہوا اور پانی سے بننے والی بجلی سے چلایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ صرف کھیلوں کے لیے نہیں بلکہ ایک ثقافتی، تفریحی اور سماجی مرکز کے طور پر بھی کام کرے گا۔ یہاں مردوں اور خواتین دونوں کے پیشہ ور فٹبال کلبز قائم کیے جائیں گے، جب کہ سال بھر مختلف بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق نیوم سکائی اسٹیڈیم سعودی عرب کے وژن 2030 کا حصہ ہے، جو جدید ٹیکنالوجی، پائیدار ترقی اور عالمی معیار کی تفریحی سہولیات کے فروغ کے لیے ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔