ٹرمپ نے مودی کو پھر مرچیں لگا دیں،7 طیارے مار گرائے گئے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کے دوران 7 طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کیا ہے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بزنس لیڈرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران سات نئے اور خوبصورت طیارے مار گرائے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر فضائی حملے شروع کر دیے
انہوں نے کہا کہ انہوں نے زیادہ تر جنگیں ٹیرف (تجارتی محصولات) کے ذریعے رکوا کر دنیا کی خدمت کی ہے۔ ان کے مطابق جنگوں کو روکنے میں 70 فیصد کردار تجارت کا ہوتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان کے فیلڈ مارشل سے کہا تھا کہ اگر دونوں ممالک نے جنگ کی تو امریکا ان سے تجارت بند کر دے گا، اور اس دباؤ کے نتیجے میں 24 گھنٹے کے اندر معاملہ ختم ہو گیا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ “ہم نے دماغ سے کام لیا کیونکہ دونوں ممالک امریکا سے تجارت چاہتے تھے، اور حیران کن طور پر وہ بہت جلد مذاکرات کے لیے تیار ہو گئے۔”
انہوں نے زور دیا کہ چونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اس لیے ممکنہ جنگ کے اثرات پوری دنیا میں پھیل سکتے تھے اور لاکھوں افراد ہلاک ہو سکتے تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ خوشی ہے کہ دونوں ممالک نے جنگ سے گریز کیا۔
