محسن نقوی کی ایران میں افغان نائب وزیر داخلہ سے ملاقات، اختلافات مذاکرات سے حل کرنے کا عزم
تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران میں افغان نائب وزیر داخلہ ابراہیم صدر سے ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ یہ ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے داخلہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
تہران میں وزیرداخلہ محسن نقوی کی افغان حکام سے ملاقات، ایرانی صحافی نے کیمرا گھما کر محسن نقوی کی طرف کرلیا😂 pic.twitter.com/hyi839AbHs
— Nadir Baloch (@BalochNadir5) October 28, 2025
ایرانی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اختلافات تو گھروں میں بھی ہوتے ہیں، تاہم ہم برادر ممالک کی طرح انہیں پر امن مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔
اس سے قبل محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی۔ ایرانی صدر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور کسی بھی تنازع سے بچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات کے حل کے لیے ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو اپنے اتحاد اور بھائی چارے کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ دشمنوں کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں کرنا پیغمبر اسلام ﷺ کا واضح حکم ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے ایران کے کردار کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور کابل کے درمیان تعمیری مذاکرات جاری ہیں اور پاکستان خطے کے ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھانے کی اجازت نہیں دے گا۔
