بریکنگ نیوز

نیتن یاہو کا غزہ پر بڑے حملے کا حکم

اکتوبر 28, 2025 admin
نیتن یاہو کا غزہ پر بڑے حملے کا حکم

نیتن یاہو کا غزہ پر بڑے حملے کا حکم- نیتن یاہو نے حماس پر امن معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا، غزہ پر بڑے حملے کا حکم دے دیا

تل ابیب/غزہ: اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے حماس پر امن معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی افواج کو غزہ پر فوری اور بڑے حملے کا حکم دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بیان اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیا گیا، جس میں نیتن یاہو نے حماس پر مبینہ طور پر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے اور اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے کے الزامات عائد کیے۔ تاہم معاہدے کے بعد سے اسرائیلی افواج کی کارروائیوں میں درجنوں فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں، جس کی تصدیق اسرائیلی میڈیا نے بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:۔ اسرائیلی آرمی چیف کا حماس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان

دوسری جانب، غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی اسرائیل کی جانب سے کی گئی، اور 10 اکتوبر کے امن معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیلی افواج نے 125 بار معاہدے کی خلاف ورزی کی، جس میں 94 فلسطینی شہری شہید ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق، جنگ بندی کے باوجود غزہ بھر میں دھماکوں اور ڈرون حملوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ اکتوبر 2023ء میں شروع ہونے والی اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ میں اب تک کم از کم 68,527 افراد ہلاک اور 170,395 زخمی ہو چکے ہیں۔ جبکہ 7 اکتوبر 2023ء کو حماس کے حملوں میں اسرائیل میں 1,139 افراد ہلاک اور تقریباً 200 افراد یرغمال بنائے گئے تھے۔

یہ تازہ ترین کشیدگی علاقے میں سلامتی کی صورتحال کو مزید نازک بنا رہی ہے اور عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔