جنرل ساحر شمشاد کی بنگلہ دیشی آرمی چیف سے ملاقات
ڈھاکہ: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے سرکاری دورے کے دوران آرمی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ دونوں افواج کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مختلف سطحوں پر دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:۔۔ تحریک عدم اعتماد،پی پی کی مہلت،وزیراعظم آزادکشمیر ڈٹ گئے
اس دوران خطے اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان و بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ تربیت، مشترکہ مشقوں اور انسدادِ دہشتگردی کے تجربات کے تبادلے جیسے شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ ملاقات میں اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ مختلف پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور تقسیم پیدا کرنے والی معلوماتی مہمات ایک ابھرتا ہوا چیلنج بن چکی ہیں۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایسے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
