صرف 6 گھنٹوں میں سوا کروڑ روپے کے چالان
کراچی: شہر میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد صرف پہلے 6 گھنٹوں کے دوران ہی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر شہریوں کو سوا کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے ہو چکے ہیں۔
ٹریفک پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اب تک 2 ہزار 662 چالان جاری کیے گئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ 1 ہزار 535 چالان سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر جاری ہوئے۔
اس کے علاوہ 507 چالان ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر، 166 سگنل توڑنے پر اور 419 اوور اسپیڈنگ پر کیے گئے۔ مزید براں اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی کے 4، کالے شیشوں کے 7، غلط پارکنگ اور نو پارکنگ زون میں پارکنگ کے 5، 5 اور موبائل فون کے استعمال پر 32 چالان جاری ہوئے۔ رانگ وے پر گاڑی چلانے اور لین لائن کے اصول توڑنے پر بھی 3، 3 چالان کیے گئے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو پہلے ہی آگاہ کیا جا چکا تھا کہ ای چالان سسٹم کے ذریعے جدید کیمروں سے خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جائیں گی، مگر ابتدا ہی میں بڑی تعداد میں خلاف ورزیوں نے شہری نظم و ضبط کی صورتحال کو واضح کر دیا ہے۔
افسران کے مطابق ای چالان سسٹم کو جلد دیگر علاقوں تک بھی پھیلایا جا رہا ہے تاکہ بغیر رشوت اور انسانی مداخلت کے، خودکار طریقے سے قوانین پر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں، موبائل فون کے استعمال سے بچیں اور ٹریفک سگنل کی پابندی کریں تاکہ نہ صرف جرمانوں سے بچا جا سکے بلکہ حادثات میں بھی کمی ہو۔
