بریکنگ نیوز

پنجاب میں شدید سموگ، لاہور دوبارہ دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار

اکتوبر 28, 2025 admin
پنجاب میں شدید سموگ، لاہور دوبارہ دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا۔

پنجاب میں شدید سموگ، لاہور دوبارہ دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا۔

لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے وقت فضائی آلودگی بدستور شدید ہے، جبکہ لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے۔ آج صبح لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 410 تک جا پہنچا جبکہ اوسط شرح 329 ریکارڈ کی گئی۔

ساندہ روڈ کا اے کیو آئی 767، ٹاؤن شپ 758، ماڈل ٹاؤن 574، علامہ اقبال ٹاؤن 511 اور گلبرگ تھری کا 390 رہا۔ فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں بھی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہے۔

ڈاکٹروں نے شہریوں کو سختی سے ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔ آئی کیو ائیر کے مطابق نئی دہلی دوسرے، ڈھاکا تیسرے، کلکتہ چوتھے جبکہ کراچی پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کم درجہ حرارت اور ہوا کی رفتار سست ہونے کے باعث آلودہ ذرات زمین کے قریب رہتے ہیں، جس سے سموگ اور حد نگاہ میں کمی ہوتی ہے۔ صبح، شام اور رات کے اوقات میں صورتحال زیادہ خراب رہتی ہے جبکہ دوپہر کے وقت کچھ بہتری کی امید رہتی ہے۔

شہر میں اینٹی سموگ آپریشن کے تحت ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے درجنوں مشینری یونٹس اور سیکڑوں ملازمین دن رات سڑکوں کی دھلائی اور پانی کا چھڑکاؤ کر رہے ہیں۔ ای پی اے کے مطابق 47 اہم شاہراہوں پر دن میں دو بار پانی ڈالا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ضرورت کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں اور ماسک کا لازمی استعمال کریں۔ پولیس کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 ایف آئی آرز، 115 جرمانے اور درجنوں وارننگز جاری کی گئیں۔ رواں سال اب تک 1600 سے زائد مقدمات اور 15 کروڑ روپے سے زیادہ کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔