شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات،توانائی،تجارت اور نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال
ریاض: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، سرمایہ کاری، معاشی تعاون، توانائی، تجارت اور نئے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ ملاقات فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس کے موقع پر ریاض میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے وفود بھی شریک تھے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے، جبکہ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف خصوصی دعوت پر نویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ریاض کے نائب گورنر، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
کانفرنس میں وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح وفد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاونین خصوصی طارق فاطمی و بلال بن ثاقب بھی شامل تھے۔
