فیلڈ مارشل کی اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
عمان: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورۂ اردن کے دوران شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عوام، حکومت اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اردن کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہ عبداللہ دوم نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اردن کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور اردن کی مسلح افواج کے تاریخی اور مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
