بریکنگ نیوز

وزیراعظم آزاد کشمیر کی استعفیٰ دینے کے لیے مشاورت مکمل

اکتوبر 27, 2025 admin
وزیراعظم آزاد کشمیر کی استعفیٰ دینے کے لیے مشاورت مکمل

وزیراعظم آزاد کشمیر کی استعفیٰ دینے کے لیے مشاورت مکمل

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں وزیراعظم کی تبدیلی کا حتمی مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے استعفیٰ دینے کے لیے مشاورت کا عمل مکمل کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے بھی اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کابینہ میں شامل متعدد وزراء نے پیپلز پارٹی کے ممکنہ نئے قائد ایوان کے حق میں ووٹ دینے کا عندیہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے پاس اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار بھی موجود ہے۔ وزیراعظم کے مستعفی ہونے کی صورت میں صدر آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے آئین کے مطابق وزیراعظم کے استعفیٰ کے بعد 14 روز کے اندر نئے قائد ایوان کا انتخاب لازمی ہے۔ موجودہ اسمبلی میں یہ چوتھے وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔

وزیراعظم اپنا استعفیٰ صدر آزاد کشمیر کو بھجوائیں گے۔ اگر اسمبلی سیشن میں ہوئی تو نئے وزیراعظم کا انتخاب فوری طور پر کیا جائے گا، بصورت دیگر صدر 14 روز کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہوں گے۔

آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد اسمبلی کے کل ارکان کے کم از کم 25 فیصد دستخطوں سے جمع کرائی جا سکتی ہے، جبکہ محرکین کو آئندہ وزیراعظم کا نام بھی تجویز کرنا لازم ہوتا ہے۔