سوجن کو معمولی نہ سمجھیں، یہ سنگین بیماری کی خاموش علامت ہو سکتی ہے۔
بیشتر لوگ پیروں کے مسائل کو معمولی سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، مگر ماہرین کے مطابق پاؤں میں سوجن، درد یا رنگت کی تبدیلی بعض اوقات اندرونی سنگین بیماریوں کا ابتدائی اشارہ ثابت ہو سکتی ہے۔
اگر آپ کے پاؤں میں بار بار سوجن ہو، چلنے میں تکلیف ہو یا جلد نیلی، پیلی یا سرخ ہو جائے تو یہ دل کے مسائل، ذیابیطس یا اعصابی کمزوری کی علامت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ جب شریانوں میں چربی جمنے لگتی ہے تو خون کی روانی متاثر ہوتی ہے، جس سے پاؤں کا رنگ بدلنے لگتا ہے یا وہ بھاری محسوس ہونے لگتے ہیں۔
پاؤں میں مسلسل جلن، سن ہونا یا سوئیاں چبھنے کا احساس ذیابیطس کے باعث اعصاب کو پہنچنے والے نقصان کی نشانی بھی ہو سکتا ہے، جبکہ خارش، زخم یا فنگس جیسی علامات گٹھیا یا شوگر جیسی بیماریوں کا ابتدائی مرحلہ ہو سکتی ہیں۔
اسی طرح پیروں میں ٹھنڈک، نیلاہٹ یا خون نہ پہنچنا پیریفرل آرٹری ڈیزیز کی طرف اشارہ کرتا ہے، جبکہ دل کی کمزوری جسم میں سوجن پیدا کر کے پیروں کو بھاری اور ورم زدہ بنا سکتی ہے۔
لہذا پیروں میں کوئی غیر معمولی تبدیلی یا مستقل سوجن نظر آئے تو اسے معمولی سمجھ کر نظر انداز نہ کریں، یہ جسم کی طرف سے دیا گیا ایک اہم انتباہ ہو سکتا ہے۔




