آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تیاری،پیپلز پارٹی متحرک
اسلام آباد: آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی نے سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں حکومت سازی کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر امور کمیٹی کو پیپلز پارٹی سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا ہے۔ کمیٹی میں احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور امیر مقام شامل ہیں، جنہوں نے پیپلز پارٹی سے بات چیت سے قبل ن لیگ آزاد کشمیر کی قیادت سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر نے واضح کیا ہے کہ ن لیگ کسی بھی حکومت سازی کے عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے پہلے ہی فیصلہ کر رکھا ہے کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھے گی اور اس فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان قائرہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ نے اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے سے پیپلز پارٹی کو آگاہ نہیں کیا، تاہم اگر پیپلز پارٹی کے پاس درکار نمبرز مکمل ہوئے تو حکومت بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
