قومی ویمنز ٹیم بغیر جیتے آئی سی سی ورلڈ کپ ایونٹ سے باہر
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ: پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش سے منسوخ، قومی ٹیم بغیر جیت کے ایونٹ سے باہر
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں ہونے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کا ایونٹ میں سفر بغیر کسی فتح کے اختتام پذیر ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں:۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ
میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث مقابلہ 34 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا تھا، تاہم پاکستان نے جب 4.2 اوورز میں 18 رنز بنائے، تو بارش ایک بار پھر شروع ہو گئی جو طویل عرصے تک جاری رہی، نتیجتاً امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس منسوخی کے ساتھ ہی پاکستان ویمن ٹیم کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہو گیا۔ قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کل سات میچ کھیلے، جن میں سے چار میں شکست ہوئی جبکہ تین مقابلے بارش کی نذر ہوگئے۔ پاکستان ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔
سری لنکا ویمن ٹیم کا بھی ایونٹ میں سفر ختم ہو گیا۔ سری لنکا نے سات میں سے ایک میچ جیتا، تین میں شکست کا سامنا کیا، جب کہ تین مقابلے بارش کے باعث منسوخ ہوئے۔
واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کے لیے آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیموں نے کوالیفائی کر لیا ہے۔
