بریکنگ نیوز

ٹی ایل پی پر پابندی کیلئے کافی مواد موجود تھا،رانا ثناء اللہ

اکتوبر 24, 2025 admin
ٹی ایل پی پر پابندی کیلئے کافی مواد موجود تھا،رانا ثناء اللہ

ٹی ایل پی پر پابندی کیلئے کافی مواد موجود تھا،رانا ثناء اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کے لیے کافی شواہد موجود تھے، جماعت نے مختلف مقامات پر املاک کو نقصان پہنچایا اور اپنی سابقہ یقین دہانیاں بھی پوری نہیں کیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ جو تنظیم قانون کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہو، اسے کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد متعلقہ جماعت 30 دن کے اندر اپیل کر سکتی ہے، اور اگر نظرثانی کے بعد پابندی برقرار رہے تو عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جماعت نے ماضی میں بھی حکومت کو یقین دہانی کرائی تھی مگر اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے متعلق رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ "عشقِ لیڈر میں مارا جاؤں گا”، وہ وزارتِ اعلیٰ کے لیے نہیں بلکہ جذباتی نعرے کے ساتھ آئے ہیں۔ ان کے مطابق، سہیل آفریدی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ "ہوا میں نہیں اڑا جاتا”، ان کی پیر کے روز بانی پی ٹی آئی سے ملاقات متوقع ہے، اور اگر کابینہ سازی بھی انہی کی مشاورت سے ہوگی تو ایک نیا مسئلہ پیدا ہو جائے گا۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے کبھی کسی کو جیل میں تکلیف دینے کی بات نہیں کی، مفتاح اسماعیل ہمارے بھائی ہیں اور وہ اسحاق ڈار کے شاگردوں میں سے ہیں۔

پنجاب بلدیاتی ایکٹ سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ قانون میں کہیں بھی غیر جماعتی انتخابات کا ذکر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کمیٹی کے کنوینر رہے ہیں اور ایکٹ کا مسودہ پڑھ چکے ہیں، کسی جماعت کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے سے نہیں روکا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ بھی یہی ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو الیکشن سے نہیں روکا جا سکتا، لہٰذا یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔