بریکنگ نیوز

ایس پی عدیل اکبر آبائی گاؤں میں سپرد خاک

اکتوبر 24, 2025 admin
ایس پی عدیل اکبر آبائی گاؤں میں سپرد خاک

ایس پی عدیل اکبر آبائی گاؤں میں سپرد خاک

گوجرانوالہ: ایس پی عدیل اکبر، جو چند روز قبل فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں شہید ہوگئے تھے، کو ان کے آبائی گاؤں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم، دیگر پولیس افسران، اہلکاروں اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:۔ ایس پی عدیل اکبر کی نمازِ جنازہ ادا

گزشتہ روز اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے گن مین سے بندوق لے کر خود پر فائر کیا۔ انہیں شدید زخمی حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی انڈسٹریل ایریا خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
واقعے سے کچھ دیر قبل وہ حاجی کیمپ اسلام آباد میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔

اسلام آباد پولیس کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ان کے دورے کی تصاویر اور تفصیلات بھی پوسٹ کی گئی تھیں، جن میں بتایا گیا تھا کہ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے ملاقات کی، سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات سے تھا اور وہ پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن کے افسر تھے۔
سی ایس ایس امتحان میں وہ اپنے بیچ کے ٹاپر قرار پائے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ عدیل اکبر کو تین روز قبل ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی تھی، مگر اس کے باوجود وہ مسلسل ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔
انہوں نے طبی خرابی کے باعث متعدد مرتبہ چھٹی کے لیے درخواست دی تھی۔
ایس پی عدیل اکبر کی ایک سالہ ننھی بیٹی بھی ہے۔
وفاقی پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

آئی جی اسلام آباد نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدیل اکبر ایک باہمت، نڈر اور فرض شناس افسر تھے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ پولیس ادارہ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہے

یہ بھی پڑھیں:۔ اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی

شرکاء نے ایس پی عدیل اکبر کی بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی۔