بریکنگ نیوز

ٹی ایل پی پر پابندی عائد،وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

اکتوبر 24, 2025 admin
ٹی ایل پی پر پابندی عائد،وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

ٹی ایل پی پر پابندی عائد،وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی عائد کر دی، وزارت داخلہ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹی ایل پی کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے قرار دیا کہ حکومت کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹی ایل پی دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں:۔  ایس پی عدیل اکبر کی نمازِ جنازہ ادا

پابندی کے بعد تحریک لبیک پاکستان کو فرسٹ شیڈول میں شامل کر دیا گیا ہے، جب کہ نوٹیفکیشن کی کاپیاں امیرِ ٹی ایل پی اور تمام متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے بھی اس فیصلے کے بعد قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، اور آئین کے آرٹیکل 17(2) اور 17(3) کے تحت سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ حکومت ریفرنس میں ٹی ایل پی کی مبینہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے شواہد پیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:۔ وفاقی کابینہ نےٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دے دی

آئین کے مطابق کسی سیاسی جماعت پر پابندی کا حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی، حکومت پابندی کے نوٹیفکیشن کے بعد 15 روز کے اندر ریفرنس عدالت میں جمع کرانے کی پابند ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پنجاب کابینہ نے بھی تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دی تھی اور سمری وفاقی حکومت کو ارسال کی تھی۔