بریکنگ نیوز

آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کے بیان پر ن لیگ کا اظہارِ لاتعلقی

اکتوبر 22, 2025 admin

 

آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کے بیان پر ن لیگ کا اظہارِ لاتعلقی

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں پارٹی صدر شاہ غلام قادر کے حکومت سے علیحدگی کے اعلان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے شاہ غلام قادر کے بیان کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی یا شمولیت سے متعلق فیصلہ صرف مرکزی قیادت کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں حکومت سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ زیرِ غور نہیں اور موجودہ حکومت کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، پارٹی صدر شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری اس معاملے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شاہ غلام قادر کو سیاسی معاملات پر محتاط طرزِ عمل اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

قبل ازیں، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اعلان کیا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی تحریکِ عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ اس کا جمہوری حق ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) کسی غیر فطری حکومت سازی کا حصہ نہیں بنے گی اور اپوزیشن کے طور پر اپنا آئینی و جمہوری کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر میں پائیدار اور عوامی حکومت صرف شفاف عام انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) مہاجرین اور بیرون ملک کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے اور عوامی سطح پر ایک منظم سیاسی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔

شاہ غلام قادر نے یقین دلایا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آئینی اور سیاسی بحرانوں کے حل میں مثبت کردار ادا کرتی رہے گی اور نواز شریف و شہباز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔