بریکنگ نیوز

بلوچستان پاکستان کا فخر، مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا،فیلڈ مارشل

اکتوبر 21, 2025 admin
بلوچستان پاکستان کا فخر، مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا،فیلڈ مارشل

بلوچستان پاکستان کا فخر، مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا،فیلڈ مارشل

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی۔

فیلڈ مارشل نے گفتگو کے دوران کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، جہاں کے عوام محب وطن، باصلاحیت اور باحوصلہ ہیں، جو درحقیقت صوبے کا اصل سرمایہ ہیں۔

انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات عوامی فلاح و بہبود اور بلوچستان کے سماجی و معاشی ڈھانچے میں بہتری کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:۔  آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ اور وزیر خوراک مستعفی

فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو عوامی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے سول سوسائٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کی رہنمائی پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دیرپا خوشحالی کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی پراکسیز، فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج صوبے میں عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈے کو فروغ دے رہی ہیں، تاہم ریاست ان تمام عناصر کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، مگر ملکی سالمیت پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ پاکستانی عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ورکشاپ کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے قومی سلامتی، ترقی اور استحکام سے متعلق مختلف سوالات کیے۔