عدالتی حکم پر ارشد خان چائے والا کا شناختی کارڈ بحال
راولپنڈی (20 اکتوبر 2025) — لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے مشہور سماجی شخصیت ارشد خان عرف چائے والا کا شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد نادرا نے ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ دوبارہ فعال کر دیا ہے۔
کیس کی سماعت جسٹس جواد حسن نے کی۔ سماعت کے دوران ارشد خان کے وکیل عمر اعجاز گیلانی نے موقف اختیار کیا کہ نادرا نے ان کے موکل کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیا تھا جس کی وجہ سے وہ مختلف قانونی اور سفری مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔
وکیل کے مطابق، نادرا کے ویریفکیشن بورڈ نے ارشد خان اور ان کے خاندان کی شہریت کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد ادارے نے عدالتی احکامات پر فوری طور پر ان کے دستاویزات بحال کر دیے۔
عدالت نے قرار دیا کہ کسی شہری کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ بلاک کرنا آئینی و بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
فیصلے کے بعد عدالت نے درخواست گزار کی استدعا پر کیس نمٹا دیا۔
