بریکنگ نیوز

قومی گندم پالیسی 2025-26 کی منظوری

اکتوبر 19, 2025 admin

قومی گندم پالیسی 2025-26 کی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گندم پالیسی 2025-26 سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزرائے اعلیٰ سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں، کسان تنظیموں اور صنعتکاروں سے مشاورت کے بعد قومی گندم پالیسی 2025-26 کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک زرعی معیشت ہے اور گندم کی فصل اس کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسان معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس پالیسی کا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ اور کسانوں کے منافع کو یقینی بنانا ہے، جبکہ غذائی تحفظ کے لیے بھی یہ پالیسی کلیدی کردار ادا کرے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پالیسی کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتیں 6.2 ملین ٹن گندم کے اسٹریٹجک ذخائر حاصل کریں گی، اور خریداری کی قیمت 3,500 روپے فی من مقرر کی جائے گی، جو بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق ہوگی۔

مزید کہا گیا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی تاکہ ملک بھر میں دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

پالیسی پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ کی سربراہی میں ایک قومی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں تمام صوبوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی ہفتہ وار اجلاس کرے گی اور براہ راست وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نئی گندم پالیسی سے زرعی ترقی کو فروغ، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔