پاکستان،انٹرنیٹ سروسز بحال،سوشل میڈیا میں جزوی مسائل برقرار
اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، تاہم صارفین کو اب بھی سوشل میڈیا ایپس پر اپلوڈ اور ڈاؤن لوڈ کے دوران جزوی مشکلات کا سامنا ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ کے ترجمان کے مطابق زیرِ سمندر کیبل میں نصب ریپیٹر کی مرمت کامیابی سے مکمل کر لی گئی، جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی معمول کے مطابق ہو گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے مرمتی کام کا آغاز کیا، جو تقریباً 18 گھنٹے جاری رہا۔ یہ مرمت شیڈول مینٹیننس پلان کا حصہ تھی، جس کا مقصد زیرِ سمندر مواصلاتی نظام کی کارکردگی اور استحکام کو بہتر بنانا تھا۔
پی ٹی سی ایل نے صارفین کو مرمت کے دوران ممکنہ سست روی سے پہلے ہی آگاہ کیا تھا اور اثرات کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کام کیا۔
ترجمان نے کہا کہ مرمت مکمل ہونے کے بعد انٹرنیٹ اسپیڈ اور ڈیٹا ٹریفک معمول پر ہیں اور لیٹنسی لیولز میں بھی بہتری آئی ہے، تاہم سوشل میڈیا ایپس پر اپلوڈ اور ڈاؤن لوڈ کے مسائل کے حل کے لیے نیٹ ورک مانیٹرنگ جاری ہے۔
