آغا سراج درانی انتقال کر گئے
سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔
صدرِ مملکت آصف زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے آغا سراج درانی کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے بھی کہا کہ آغا سراج درانی جیسے بااصول سیاستدان کم پیدا ہوتے ہیں۔
آغا سراج درانی گزشتہ ماہ عارضۂ قلب میں مبتلا ہوئے تھے اور علاج کے لیے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ وہ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہے۔
انہوں نے 1988 میں پہلی بار رکنِ سندھ اسمبلی کی حیثیت سے سیاست کا آغاز کیا، جبکہ وہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
