بریکنگ نیوز

پاک فوج نے19 افغان پوسٹوں پر قبضہ،ملٹری کیمپ تباہ کردیئے

اکتوبر 12, 2025 admin
پاک فوج نے19 افغان پوسٹوں پر قبضہ،ملٹری کیمپ تباہ کردیئے

پاک فوج نے19 افغان پوسٹوں پر قبضہ،ملٹری کیمپ تباہ کردیئے

اسلام آباد — پاک افغان سرحد پر افغانستان کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان نے مؤثر اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے افغان بارڈر پر 19 پوسٹوں پر قبضہ کر لیا جبکہ کئی عسکری کیمپ مکمل طور پر تباہ کر دیے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں درجنوں افغان اہلکاروں اور خارجی عناصر کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور برامچا کے علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ کی، جبکہ خوارجی دہشتگردوں نے کئی مقامات پر دراندازی کی کوشش کی جسے پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔ پاکستان کی جانب سے رات گئے شروع ہونے والی جوابی کارروائی کے دوران ان تمام پوسٹوں پر قبضہ کر لیا گیا جہاں سے پاکستانی علاقے پر حملے کیے جا رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں افغان پوسٹوں پر آگ اور تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ بیشتر افغان اہلکار پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے جبکہ بعض نے سرنڈر کر دیا۔ چمن بارڈر پر کارروائی میں طالبان اور خارجی عناصر فرار کی کوشش کے دوران ہلاک ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ برامچا کے علاقے میں افغان طالبان کی اُس بٹالین کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں سے دہشتگردوں کو پاکستان میں داخل کروایا جاتا تھا۔ کارروائی کے دوران کئی ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

پاکستان نے طالبان فورسز کے درانی کیمپ-2 پر بھی کامیاب اسٹرائیک کی، جس میں 50 سے زائد افغان فوجی اور خارجی مارے گئے۔ اسی طرح غزنالی ہیڈکوارٹر پر کارروائی میں درجنوں طالبان ہلاک ہوئے۔

فتنہ الخوارج کا مرکز قرار دیا جانے والا کھرچر فورٹ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ پاک فوج نے برامچا سیکٹر کی شہیدان پوسٹ، خرلاچی سیکٹر، جنڈوسر، کنڑ، دوران میلا، ترکمانزئی اور منوجبا کیمپ ہیڈکوارٹرز سمیت متعدد مقامات کو ہدف بنایا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں میں فضائی ذرائع اور ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں دہشتگرد نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا۔ افغان فورسز کی کور فائر دینے کی کوششیں ناکام رہیں اور خارجی تنظیمیں منتشر ہو گئیں۔

مزید اطلاعات کے مطابق لیوبند، قلعہ عبداللہ اور چاغی کے علاقوں میں افغان دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں کئی ٹھکانے تباہ اور درجنوں عسکریت پسند مارے گئے۔

چترال کے قریب بھی افغان پوسٹ تباہ کی گئی، جہاں پاکستان نے آرٹلری، ٹینکوں اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق افغانستان کی جارحیت کا مقصد خوارجی دہشتگردوں کو پاکستانی حدود میں داخل کرانا تھا، تاہم تمام کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔