بریکنگ نیوز

کرپٹو مارکیٹ میں 24 گھنٹوں میں 19 ارب ڈالر کا بھاری نقصان

اکتوبر 11, 2025 admin
Crypto market loses $19 billion in 24 hours

کرپٹو مارکیٹ میں 24 گھنٹوں میں 19 ارب ڈالر کا بھاری نقصان

عالمی کریپٹو مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی گئی، جہاں 24 گھنٹوں کے دوران 19 ارب ڈالر سے زائد کی لیوریج پوزیشنز ختم ہو گئیں۔

معروف مالیاتی ادارے بلومبرگ کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں سب سے بڑی کریپٹو لیکویڈیشنز میں سے ایک ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے چین پر 100 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کرنے کے اچانک اعلان کے صرف ایک گھنٹے بعد ہی 7 ارب ڈالر مالیت کی پوزیشنز ختم ہو گئیں، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں زبردست غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی۔

بیٹ کوائن کی قدر میں تیزی سے کمی دیکھی گئی، جبکہ ایتھیریم، ایکس آر پی، بی این بی اور سولانا سمیت دیگر بڑے کرپٹو ٹوکنز بھی مندی کی لپیٹ میں آگئے۔

مجموعی طور پر 1.6 ملین سے زائد ٹریڈرز اپنی پوزیشنز سے محروم ہو گئے، جسے تجزیہ کار ’’کریپٹو ہسٹری کے بڑے ماس سیل ایونٹس‘‘ میں شمار کر رہے ہیں۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سیاست اور معاشی پالیسیوں میں کسی بھی بڑے فیصلے سے ڈیجیٹل اثاثہ مارکیٹس پر اثر پڑ سکتا ہے اور امریکی پالیسی میں اچانک تبدیلی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متزلزل کر سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر غیر یقینی صورتحال اور اتار چڑھاؤ جاری رہا تو نئے سرمایہ کاروں میں عدم اعتماد مزید بڑھ سکتا ہے، جو مارکیٹ میں مزید مندی کا سبب بن سکتا ہے۔