ٹرمپ کا چینی پر 100 فیصد نیا ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے آنے والی درآمدات پر 100 فیصد نیا ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نومبر سے چینی درآمدات پر اضافی ٹیرف نافذ کرے گا تاکہ امریکی مصنوعات اور معیشت کا تحفظ کیا جا سکے۔
چینی مصنوعات پر پہلے ہی 30 فیصد ٹیرف عائد ہے، تاہم نئے فیصلے کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں نمایاں مندی دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:۔ امریکی ریاست ٹینیسی میں دھماکہ،19 افراد ہلاک
ٹرمپ نے اس اعلان سے قبل اپنی ایک طویل پوسٹ میں کہا تھا کہ چین نے نایاب معدنیات کی برآمد پر پابندیوں سے متعلق مختلف ممالک کو خط بھیجے ہیں۔ یہ معدنیات اسمارٹ فونز، برقی گاڑیوں، فوجی سازوسامان اور قابلِ تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جن کی پیداوار میں چین عالمی سطح پر سبقت رکھتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ چین کو دنیا کو "یرغمال” بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور چینی رویے کو "انتہائی دشمنانہ” قرار دیا۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ ممکنہ طور پر چینی صدر شی جن پنگ سے APEC اجلاس میں ملاقات نہیں کریں گے، جو رواں ماہ جنوبی کوریا میں منعقد ہونا ہے۔
