بھارت دوبارہ میزائل حملہ کرسکتا ہے،ہمیں چوکنا رہنا ہوگا
سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت پاکستان پر دوبارہ میزائل حملہ کر سکتا ہے، اس لیے صورتحال پر خاص نظر رکھنا ضروری ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار بعنوان "پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کی امیدیں اور آئندہ دفاعی حکمتِ عملی” سے خطاب کرتے ہوئے ناصر جنجوعہ نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ پاکستان کے پاس جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی موجود ہے جو اس کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "معرکۂ حق کے بعد پاکستان اور اس کی افواج کا عالمی سطح پر قد بلند ہوا ہے، جبکہ بھارت دنیا میں تنہا ہو چکا ہے۔”
سابق مشیر قومی سلامتی نے مزید کہا کہ امریکا نے امت مسلمہ کی قیادت کو ختم کیا، عراق، لیبیا، مصر اور شام کو تباہ کیا، اور ایران پر بمباری کی، مگر پاکستان اب بھی امت مسلمہ کی واحد ایٹمی قوت ہے جو دشمن کو کھٹکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اندرونی سیاسی حالات ایسے ہیں کہ پاکستان پر دوبارہ حملے کے امکانات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
