بریکنگ نیوز

غزہ تنازع ختم نہیں ہوا،قیدیوں کی رہائی اولین ہدف

اکتوبر 5, 2025 admin
غزہ تنازع ختم نہیں ہوا،قیدیوں کی رہائی اولین ہدف

غزہ تنازع ختم نہیں ہوا،قیدیوں کی رہائی اولین ہدف

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، تاہم موجودہ مرحلے میں حماس کے قبضے میں موجود قیدیوں کی رہائی امریکی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

 

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مارکو روبیو نے کہا کہ قیدیوں کی رہائی کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی اور سیکیورٹی صورتِ حال پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق حماس نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز اور قیدیوں کی رہائی کے فریم ورک پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے اور اس حوالے سے ملاقاتیں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:۔ ٹرمپ کا غزہ امن منصوبہ نیتن یاہو کے لیے چیلنج بن گیا

روبیو نے اپنے بیان میں کہا، “ہم اس وقت یرغمالیوں کی رہائی کے سب سے قریب ہیں۔ یہ معاملہ ہفتوں یا مہینوں پر محیط نہیں ہونا چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا کہ اسلحے کی واپسی، حماس کی تحلیل اور غزہ میں نئی حکومت کا قیام ایک نہایت پیچیدہ مرحلہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ “غزہ میں ایسی حکومت قائم نہیں کی جا سکتی جو چند دنوں میں دوبارہ حماس کی شکل اختیار کر لے۔”

یہ بھی پڑھیں:۔ ایک بٹ کوائن ساڑھے 3 کروڑ روپے کا ہوگیا

روبیو نے اعتراف کیا کہ حماس پر مکمل اعتماد ممکن نہیں، تاہم ٹرمپ کے امن فریم ورک پر اس کی رضامندی، یرغمالیوں کی رہائی کی حمایت اور ٹیکنوکریٹ حکومت کے قیام پر آمادگی ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب تک فضائی حملے جاری رہیں گے، یرغمالیوں کی رہائی ممکن نہیں ہو سکے گی، اس لیے بمباری کا سلسلہ روکنا ناگزیر ہے۔ روبیو نے خبردار کیا، “اگر بمباری جاری رہی تو قیدیوں کی رہائی کا امکان ختم ہو جائے گا۔”

یہ بھی پڑھیں:۔ حماس کو فوجی طور پر غیر مسلح کیا جائے گا،نیتن یاہو

امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب ہوئے تو صدر ٹرمپ کا امن منصوبہ نہ صرف غزہ بلکہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔ عالمی برادری اس وقت ان مذاکرات کے حتمی نتائج پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔