مظفرآباد:عوامی ایکشن کمیٹی سے حکومتی مذاکراتی ٹیم کی ملاقات
آزاد کشمیر میں جاری احتجاجی صورتحال کے پیشِ نظر وفاقی اور آزاد کشمیر قیادت پر مشتمل مذاکراتی ٹیم نے مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کی، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق، رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، سردار یوسف، طارق فضل چوہدری اور قمر زمان کائرہ بھی شریک تھے۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت امن قائم رکھنے کی خواہاں ہے کیونکہ دشمن قوتیں عدم استحکام سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور امید ہے کہ مسائل افہام و تفہیم سے حل ہوں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات کی حمایت کی جا رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف ذاتی طور پر اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھی وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ بیرونِ ملک مصروفیات کے باوجود انہوں نے مسئلے کا نوٹس لیا اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی ہدایت دی۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت سے ممکن ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ حالات جلد معمول پر آئیں۔ طارق فضل چوہدری نے اپنی پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایکشن کمیٹی کے 90 فیصد مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ پرتشدد مظاہروں کے دوران 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 شہری جاں بحق اور 72 پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔
