بریکنگ نیوز

قطر پر حملہ امریکا پر تصور کیا جائیگا،ٹرمپ

اکتوبر 1, 2025 admin
قطر پر حملہ امریکا پر تصور کیا جائیگا،ٹرمپ

قطر پر حملہ امریکا پر تصور کیا جائیگا،ٹرمپ

واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے جس کے تحت امریکا نے قطر کی سکیورٹی کی ضمانت دی ہے، اگر قطر پر دوبارہ حملہ کیا گیا، تو اس کے جواب میں فوجی کارروائی کی جائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ ماہ اسرائیل کے قطر پر فضائی حملے نے خطے اور دنیا بھر میں شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا، اسرائیل نے کہا تھا کہ حملہ حماس رہنمائوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا، جس میں تنظیم کے کئی اراکین اور ایک قطری سکیورٹی افسر شہید جب کہ اعلیٰ قیادت محفوظ رہی تھی۔29 ستمبرکو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے وائٹ ہائوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران کانفرنس کال کے زریعے قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے قطری شہری کی شہادت پر معافی مانگ لی تھی۔ایگزیکٹو آرڈر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور قطر قریبی تعاون، مشترکہ مفادات اور ہماری مسلح افواج کے درمیان گہرے تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ قطر امن، استحکام اور خوشحالی کی کوششوں میں ایک ثابت قدم اتحادی اور اس نے واشنگٹن کو علاقائی اور عالمی تنازعات میں ثالثی کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخ کے اعتراف میں اور قطر کو بیرونی جارحیت سے لاحق مسلسل خطرات کے پیش نظرامریکا کی پالیسی یہ ہے کہ ریاستِ قطر کی سکیورٹی اور علاقائی سالمیت کو بیرونی حملوں سے محفوظ بنایا جائے۔اس حکم نامے کا مقصد قطر کو یقین دلانا ہے کہ اس پر آئندہ ایسا حملہ نہیں ہوگا۔حکم نامے میں کہا گیا کہ قطر پر کسی بھی قسم کا حملہ امریکا کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اگر قطر پر حملہ ہوا تو امریکا تمام قانونی اور موزوں اقدامات، بشمول سفارتی، معاشی اور ضرورت پڑنے پر فوجی اقدامات کرے گا تاکہ امریکا اور قطر دونوں کے مفادات کا دفاع کیا جا سکے۔