باجوڑ،بارودی دھماکے سے 3 بچے شہید،5 زخمی
باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں بارودی مواد کے دھماکے سے 3 معصوم بچے شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔ زخمی بچوں کو پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کھیلتے ہوئے اس بارودی مواد کی زد میں آ گئے جو علاقے میں دہشت گردوں نے چھپا رکھا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے۔
یہ افسوسناک سانحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد عناصر مقامی آبادی کے لیے کس قدر سنگین خطرہ ہیں۔ ماضی میں بھی ایسے گروہ مساجد، گھروں اور رہائشی علاقوں کو ڈھال بنا کر دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل وادی تیراہ میں بھی دہشت گردوں کے ذخیرہ شدہ بارودی مواد کے پھٹنے سے متعدد شہری جاں بحق اور کئی دہشت گرد مارے گئے تھے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق عوام کے تعاون سے فورسز باجوڑ اور دیگر علاقوں کو بارودی مواد سے صاف کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور جلد ہی علاقے کو دہشت گردی کے خطرات سے مکمل طور پر پاک کر دیا جائے گا۔
