صائم ایوب پر وقار یونس بھی بول پڑے
ایشیا کپ 2025 میں اوپنر صائم ایوب کی ناکام بیٹنگ کارکردگی پر سابق کپتان وقار یونس بھی بول اٹھے۔
کرکٹ شو میں گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ صائم ایک باصلاحیت بلے باز ہیں مگر مسلسل ناکامیوں نے ان کے اعتماد کو شدید متاثر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ "جب صائم دوسری بار صفر پر آؤٹ ہوئے تو اسی وقت کہہ دیا تھا کہ انہیں کچھ عرصہ ٹیم سے باہر بٹھانا بہتر ہوگا۔ جب رنز نہ بنیں تو کھلاڑی مزید دباؤ میں چلا جاتا ہے اور یہی صورتحال صائم کے ساتھ پیش آرہی ہے۔”
سابق کپتان نے صائم کی باڈی لینگویج پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ کریز پر آتے ہی دباؤ کا شکار نظر آتے ہیں جو ذہنی جدوجہد کی نشانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ سپر فور مرحلہ،بھارت کا سری لنکا کو 203 رنز کا ہدف
دلچسپ امر یہ ہے کہ بیٹنگ میں ناکامی کے باوجود صائم ایوب بالنگ میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، لیکن وقار یونس کے مطابق ان کا اصل کردار بیٹنگ ہے جس میں وہ ناکام ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق صائم نے ایشیا کپ میں 6 اننگز کھیلیں اور صرف 23 رنز بنا سکے، جن میں سے 21 ایک ہی اننگز میں آئے۔ باقی پانچ اننگز میں وہ صرف 2 رنز بنا پائے اور چار مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:۔سعید انور بننا تھا،یہ تو سعید اجمل بن گیا
اگرچہ فائنل سے قبل انہیں ڈراپ کرنے کا امکان نہیں، لیکن ماہرین کے مطابق مستقبل میں صائم کو آرام دینا خارج از امکان نہیں، خاص طور پر اگر وہ اپنی بیٹنگ فارم بحال نہ کرسکے۔
