ایشیا کپ 2025: پاکستان نے بھارت کو 172 رنز کا ہدف دے دیا
ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا ہے۔
گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 171 رنز بنائے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 58 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب اور محمد نواز نے 21،21، فخر زمان نے 15 اور حسین طلعت نے 10 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا 17 اور فہیم اشرف 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے شیوم دوبے نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ محمد نواز رن آؤٹ ہوئے۔
میچ دبئی میں کھیلا جا رہا ہے جہاں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے موقع پر ایک بار پھر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور سوریا کمار یادیو نے مصافحہ نہیں کیا۔ میچ ریفری کے فرائض اینڈی پائی کرافٹ انجام دے رہے ہیں۔
ٹاس کے بعد گفتگو میں سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے، آج کا مقابلہ ایک نیا چیلنج ہے اور ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان نے فائنل الیون میں دو تبدیلیاں کی ہیں، فہیم اشرف اور حسین طلعت کو شامل کیا گیا ہے جبکہ حسن نواز اور خوشدل شاہ کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
