ایشیا کپ 2025:گرین شرٹس شکست کا بدلہ لینے کو تیار
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں دبئی کا میدان آج ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑے مقابلے کا گواہ بنے گا۔ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان یہ میچ اعصاب کی اصل جنگ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے کسی بھی تنازعے سے بچنے کے لیے پریس کانفرنس منسوخ کر دی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق کھلاڑی صرف اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے۔ گرین شرٹس کو گروپ مرحلے کی شکست کا بدلہ چکانے کا سنہری موقع ملا ہے۔ کپتان سلمان علی آغا پر قیادت کی بھاری ذمہ داری ہے جبکہ بیٹرز کو جارحانہ انداز اپناتے ہوئے زیادہ ڈاٹ بالز کھیلنے سے گریز کرنا ہوگا۔ فاسٹ باؤلرز اور اسپنرز کو بھی بھارتی بلے بازوں کو دباؤ میں لینے کے لیے بھرپور کارکردگی دکھانا ہوگی۔
کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دبئی میں اسکواڈ سے ملے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے علاوہ پی سی بی نے موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر راحیل کو بھی ٹیم کے ساتھ شامل کیا ہے تاکہ کھلاڑی ذہنی طور پر مضبوط رہیں۔ آئی سی سی نے اس میچ کے لیے اینڈی پائی کرافٹ کو ریفری مقرر کیا ہے جو اس سے پہلے بھی پاک بھارت مقابلے سپروائز کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ تنازعات سے بھرا رہا۔ ٹاس کے وقت کپتانوں نے ہاتھ نہ ملایا، پاکستان کی بیٹنگ لائن 127 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بھارت نے سولہویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔ اس کے بعد بھارتی ٹیم نے ہاتھ ملانے سے بھی انکار کیا اور ڈریسنگ روم کا دروازہ بند کر لیا، جس پر پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے احتجاج کیا۔
سپر فور کے پہلے میچ میں کل بنگلا دیش نے سری لنکا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دی۔ سری لنکا نے سات وکٹ پر 168 رنز بنائے جبکہ بنگلادیش نے آخری اوور میں ہدف حاصل کیا۔ سیف حسن نے 61 اور توحید ہردوئے نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
اب شائقین کی نظریں دبئی کے میدان پر ہیں، جہاں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کرکٹ مداح ایک سنسنی خیز اور یادگار میچ کی توقع کر رہے ہیں۔
