بریکنگ نیوز

خطے کے لیے اصل خطرہ حزب اللہ نہیں بلکہ اسرائیل ہے،حزب اللہ

ستمبر 19, 2025 admin
خطے کے لیے اصل خطرہ حزب اللہ نہیں بلکہ اسرائیل ہے،حزب اللہ

خطے کے لیے اصل خطرہ حزب اللہ نہیں بلکہ اسرائیل ہے،حزب اللہ

بیروت: حزب اللہ کے ڈپٹی سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ خطے کے لیے اصل خطرہ حزب اللہ نہیں بلکہ اسرائیل ہے۔

ایک ٹی وی خطاب میں انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کے عزائم کو روکنے پر توجہ دیں، کیونکہ حزب اللہ کے ہتھیار صرف اسرائیل کی طرف ہیں، نہ کہ لبنان، سعودی عرب یا کسی اور ملک کے خلاف۔

نعیم قاسم نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے ذریعے اختلافات کو کم از کم اس مشکل دور میں منجمد کیا جا سکتا ہے تاکہ اسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ پر دباؤ ڈالنے کا فائدہ براہِ راست اسرائیل کو پہنچتا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں نے 2016 میں حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ حالیہ برسوں میں ریاض نے واشنگٹن اور لبنان میں حزب اللہ مخالف حلقوں کے ساتھ مل کر لبنانی حکومت پر دباؤ ڈالا کہ وہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرے۔

سعودی عرب ماضی میں لبنان کو امداد فراہم کر چکا ہے اور 2006 کی حزب اللہ-اسرائیل جنگ کے بعد جنوبی لبنان کی تعمیر نو میں مدد دی تھی۔ تاہم دونوں ممالک کے تعلقات 2021 میں بگڑ گئے تھے جب سعودی عرب نے لبنانی سفیر کو ملک بدر کیا، اپنا سفیر واپس بلا لیا اور لبنانی مصنوعات پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اس دوران حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو "دہشت گرد” قرار دیتے ہوئے یمن میں سعودی کردار پر شدید تنقید کی تھی۔