بریکنگ نیوز

پاکستان، سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ؛ بھارت میں بے چینی

ستمبر 19, 2025 admin
پاکستان، سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ؛ بھارت میں بے چینی

پاکستان، سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ؛ بھارت میں بے چینی

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعاون کے معاہدے نے بھارت کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ نے اس پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ اس کے ممکنہ اثرات کا اندازہ لگایا جا سکے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے مطابق اسلام آباد اور ریاض کے مابین طے پانے والے دفاعی معاہدے سے متعلق اطلاعات پہلے ہی موجود تھیں، اور اب حکومت یہ دیکھے گی کہ یہ معاہدہ بھارت کی قومی سلامتی، خطے اور عالمی استحکام پر کس طرح اثر ڈال سکتا ہے۔

معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب نے طے کیا ہے کہ اگر کسی ایک ملک پر بیرونی جارحیت ہوتی ہے تو اسے دونوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔ یہ شراکت داری دفاعی تعاون اور سلامتی کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کے بعد خطے میں بے چینی اور عرب ممالک میں تشویش پائی جاتی ہے۔