بریکنگ نیوز

عرب اسلامی اجلاس:پاک،سعودی قیادت کی ملاقات

ستمبر 15, 2025 admin
عرب اسلامی اجلاس:پاک،سعودی قیادت کی ملاقات

عرب اسلامی اجلاس:پاک،سعودی قیادت کی ملاقات

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ عرب اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت متعدد ممالک کے رہنما شریک ہوئے۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی، جس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران قطر پر اسرائیلی حملے کو مشرق وسطیٰ کے امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کی جرات مندانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاک سعودی تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت ہر فورم پر بھرپور سفارتی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ سمٹ نے واضح کر دیا ہے کہ مسلم امہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورۂ ریاض کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کو علاقائی و عالمی معاملات پر مشاورت کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے قطر سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں اور وزیراعظم کی قیادت کو بھی سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔